اسلام آباد (این این آئی)ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (امینڈا) نے پروگرام”آف دی ریکارڈ“ اور کاشف عباسی پر 60 دن کی پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے پیمرا سے اس پابندی کو فوری ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایک بیان میں تنظیم کا کہنا ہے کہ پابندی کا حکم رات ایک بجے جاری کیا گیا،نا ہی چینل اور نا ہی اینکر کو مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔تنظیم کے اعلامیے کے مطابق غیرمعمولی جلد بازی میں حکم سے ظاہرہوتا ہے پیمراکا اقدام بدنیتی پر مبنی ہے،پروگرام میں ایک وفاقی وزیر نے نامناسب کام کیا،پیمرا نے وزیر سے پوچھنے کی بجائے پروگرام اور اینکر پر پابندی لگادی،اینکر نے اگلے پروگرام میں ہی اپنی پوزیشن واضح کردی تھی،پیمرا کا پابندی کا فیصلہ منصفانہ ٹرائل کے بنیادی حق سے متصادم ہے۔تنظیم کے صدراظہرعباس کا کہنا ہے کہ میڈیا کی آزادی دبانے کے لیے پیمرا یا حکومت کے کسی بھی اقدام کی مزاحمت کی جائے گی۔ سیکریٹری جنرل عماد یوسف نے کہا کہ پیمرا کا اقدام میڈیا کی آزادی مزید کم کرنے کے بڑے منصوبے کی نشاندہی کرتا ہے، کاشف عباسی اور ان کے شو پر پابندی فوری طور پر ہٹائی جائے۔