اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پیمرا کا نجی ٹی وی پروگرام میں وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی غیر اخلاقی حرکت پر نوٹس ،کاشف عباسی کے پروگرام پر 60 روز کی پابندی عائد کر دی اور اس کے ساتھ ہی صحافی کو بھی کسی بھی ٹی وی چینل پر آنے سے 60 روز کیلئے روک دیاہے ۔
پیمرا نے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ” آف دی ریکارڈ “ 14 جنوری کو نشر کیا گیا جس میں فیصل واوڈا ، قمر زمان قائرہ اور جاوید عباسی نے بطور مہمان شرکت کی ، شو کے دوران فیصل واوڈا نے موضوع پر اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے نہایت ہی غیر اخلاقی عمل کیا ، فیصل واوڈا کی جانب سے جو جملے کہے گئے وہ نہ صرف غیر سنجیدہ اور حقارت آمیز تھے بلکہ ایک ریاستی ادارے کی تذلیل کرنے کی کوشش بھی تھی ۔جبکہ اس معاملے کے دوران صحافی کاشف عباسی نے غیر پیشہ وارانہ رویے کا مظاہرہ کیا ، انہوں نے دراصل اس میں مداخلت کرتے ہوئے اسے روکا نہیں اور اس سارے واقعے پر پروگرام کے دوران مسکراتے رہے ۔پیمرا نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ” آف دی ریکارڈ “ پر 60 روز کیلئے پابندی عائد کر دی ہے جبکہ اس کے ساتھ ہی صحافی کاشف عباسی پر بھی 60 روز تک کسی بھی پروگرام میں شرکت پر پابندی لگادی گئی ۔