ڈیرہ اسماعیل خان(این این آئی)پنجاب حکومت کی جانب سے خیبر پختونخواہ کو آٹے کی بندش پر فلور ڈیلرز ایسوسی ایشن نے احتجاج کا اعلان کردیا۔ خیبر پختونخواہ فلور ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صوبائی جنرل سیکرٹری محمد خان نیازی، ضلعی صدر ڈیرہ راجہ اختر علی،بنوں یونین کے صدر انیس خان مروت، پریس سیکرٹری چوہدری الیاس نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا کو آٹے کی سپلائی بند کرنا سراسر ظلم ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم پرمٹ لیکر آٹا منگوانے کو بھی تیار ہیں مگر پنجاب حکومت کا رویہ انتہائی ظالمانہ ہے۔ حکومت پنجاب کا یہ اقدام خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ سراسر زیادتی پر مبنی ہے اور یہ صوبائی تعصب پھیلانے کی ایک سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب سے خیبر پختونخوا کو آٹے کی فراہمی کی بندش ختم نہ کی گئی تو ہم پنجاب سے ڈیرہ اسماعیل خان خیبر پختونخوا آنے والی تمام شاہراہوں پر احتجاجی دھرنے دینے پر مجبور ہو جائیں گے۔