تہران (این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک)ایران نےیوکرینی طیارے کی تباہی کے واقعے میں ملوث کئی ذمہ داروں کو گرفتار کر لیا ۔ایرانی عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسماعیلی نے گرفتاریوں کا اعلان کیا۔جبکہ انہوں نے ذمہ داروں کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے،دوسری جانب ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران ان تمام لوگوں کو اس بات کی سزا دے گا جو یوکرائنی مسافر بردار طیارے
کو مار گرانے کے حادثے کے ذمہ دار ہیں۔ ایران کے سرکاری ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے اپنے خطاب میں روحانی نے مزید کہا کہ یہ ایک ناقابل معافی غلطی ہے اور یہ کہ صرف ایک شخص ہی اس طیارے کو گرانے کا ذمہ دار نہیں ہو سکتا ہے۔ روحانی کے مطابق ایرانی مسلح افواج کی طرف سے اپنی غلطی تسلیم کرنا ایک اچھا پہلا قدم ہے مزید یہ کہ عوام کو یہ یقین دلایا جانا چاہیے کہ ایسا دوبارہ نہیں ہو گا۔