کراچی (این این آئی) ایم کیوایم کے بعد گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے)بھی وفاقی حکومت سے ناراض ہوگئی۔ جی ڈی اے نے پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت سے بعض معاملات پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان و سیکریٹری اطلاعات جی ڈی اے سردار رحیم نے اپنے اہم بیان میں کہا ہے کہ جی ڈی اے کے تحفظات ابھی تک برقرارہیں ہم بھی حکومت سے ناراض ہیں۔صوبائی ترجمان جی ڈی اے سرداررحیم نے کہا کہ چند روز مزید انتظارکریں گے ہم سے کہے گئے وعدے پورے کئے جائیں انہوں نے کہا کہ
ہم نے اپنی زات کے لئے نہیں بلکہ سندھ کے مختلف شہروں کے لئے ترقیاتی منصوبے اورنوجوانوں کے لئے روزگارمانگا تھا یہ مطالبات وفاقی حکومت کی طرف سے تاحال پورے نہیں کئے گئے سرداررحیم نے کہا کہ جی ڈی اے سندھ میں پیپلزپارٹی کی طرز حکمرانی پر بھی اعتراض کیا ہے۔ سندھ میں جاری کرپشن اوراقرباپروری پر وفاق سے کئی شکایات کی مگر انکا بھی ازالہ نہیں ہوا۔ سردار رحیم نے کہا کہ پیرصاحب پگارا کی ہدایت پر جلد مشاورتی اجلاس بلایا جائے گا جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔