آٹھ مقام(اے این این ) آزادکشمیرایل او سی پر214 گائوں میں تمام خواتین کو احساس پروگرام کے تحت کفالت پروگرام میں شامل کرلیا گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے رہنماہ سردار قاضی محمد اسرائیل نے پارٹی عہدیداروں کے ہمراہ احساس پروگرام کی چیئر پرسن محترمہ ثانیہ نشتر کے ساتھ ملاقات کی آزادکشمیر کے اہم مسائل سے آگاہ کیا ہے۔ کنٹرول لائن پر بسنے والے شہریوں کی
مشکلات سے چیئرپرسن محترمہ ثانیہ نشتر کو بریفنگ دی ہے۔ محترمہ ثانیہ نشترنے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات پر آزادکشمیر کو ترجیح دے رہے ہیں۔ غربت کے خاتمہ کے لئے134 پروگرامات شروع کئے گئے ہیں ۔ جن میں نوجوانوں کو کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت بلاسود قرضے دئیے جائیں گے۔ غریب طلباء کو تعلیم جاری رکھنے کے لئے وظائف اور سکالر شپ دینے کا پروگرام شروع کردیا گیا ہے ۔ آزادکشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بسنے والے شہریوں کی فلاح بہبود اور ان کی مالی مشکلات کم کرنے کے لئے20 مارچ سے کفالت پروگرام کے تحت214 گائوں میں تمام شادی شدہ خواتین جن کے شناختی کارڈ بنے ہوئے ہیں بلاتخصیص نادرا ریکارڈ کے مطابق مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ خواتین کو ہنر مند بنانے کے لئے ووکیشنل انسٹیوٹ بنائے جائیں گے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق عام آدمی کی معاشی حالت بہتر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سردار قاضی محمد اسرائیل نے چیئر پرسن محترمہ ثانیہ نشتر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کی تائید و حمایت کرتے ہیں وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔