لاہور( این این آئی )پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں کانسٹیبل نے چاقو سے حملہ کر کے ڈی آئی جی شہزاد اسلم صدیقی کو زخمی کر دیا ، پولیس افسر کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ حملہ کرنے والے کانسٹیبل کو گرفتار کر لیا گیا جس کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے ۔
بتایا گیا ہے کہ ڈی آئی جی شہزاد اسلم صدیقی پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں واک کر رہے تھے کہ اس دوران کانسٹیبل محمد رفیق نے چاقو سے حملہ کر دیا۔ ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں نے حملہ آورکو قابو کر لیا جبکہ زخمی ڈی آئی جی شہزاد اسلم صدیقی کو فوری طو رپر سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔بتایا گیا ہے کہ ڈی آئی جی شہزاد اسلم صدیقی کو طبی امداد دے کر ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ۔ تھانہ قلعہ گجر سنگھ پولیس نے حملہ آور ہونے والے کانسٹیبل محمد رفیق کے خلاف اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں۔پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈی آئی جی شہزاد اسلم صدیقی کی طرف سے کانسٹیبل رفیق پر ڈانٹ ڈپٹ کا تاثر قطعی طور پردرست نہیں۔کانسٹیبل رفیق کبھی بھی ڈی آئی جی شہزاد اسلم صدیقی کے ساتھ تعینات نہیں رہا۔کانسٹیبل رفیق کی پوسٹنگ حال ہی میںانوسٹی گیشن ونگ سے پولیس لائنز میں ہوئی۔کانسٹیبل رفیق مرگی کے مرض میں مبتلا ہے اور اپنا علاج کروا رہا ہے اوراپنی بیماری کی وجہ سے اکثر و بیشتر ڈیوٹی سے غیر حاضر رہتا رہا ہے۔پولیس لائنز میں دوران پوسٹنگ بھی کانسٹیبل رفیق اپنا علاج کروا رہا تھا۔