اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم آفس سے جاری حالیہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان سٹیزن پورٹل پر رجسٹرڈ شکایات کنندگان میں طلبا اور کاروباری افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 14 ماہ میں پاکستان سٹیزن پورٹل پر تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کی جانب سے کی جانے والی 16 لاکھ 53 ہزار شکایات میں سے 15 لاکھ 9 ہزار (91.32 فیصد ) کا ازالہ کیا جاچکا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعداد و شمار کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اکتوبر 2018 میں شروع کیے گئے پورٹل پر رجسٹرڈ افراد کی تعداد اب 13 لاکھ 97 ہزار 5 سو 37 تک پہنچ گئی ہے جس میں 48 ہزار 3 سو 49 طلبا، 34 ہزار 9 سو 95 کاروباری افراد اور 33 ہزار 2 سو 77 انجینئرز شامل ہیں۔پاکستان سٹیزن پورٹل پر رجسٹر دیگر افراد میں 20 ہزار 25 سول سرونٹس، 16 ہزار 4 سو 37 اساتذہ، 14 ہزار 5 سو 79 کارپوریٹ سیکٹر کے ملازمی، 9 ہزار 5 سو 42 مسلح افواج سے، 8ہزار 8 سو16 ڈاکٹرز، 4 ہزار 6 سو 16 وکلا، 2 ہزار 9 سو 90 بزرگ شہری اور ریٹائرڈ افراد، 2 ہزار 6 سو 15 سیاسی کارکنان، 2 ہزار 3 سو 9 صحافی اور غیرسرکاری تنظیموں (این جی اوز) سے وابستہ ایک ہزار 6 سو 95 افراد شامل ہیں۔وزیراعظم آفس سے جاری سرکاری دستاویز میں کہا گیا کہ ‘ شکایات کے ازالے کی 91.32 فیصد شرح سے پاکستان سٹیزن پورٹل لوگوں کی شکایات کے ازالے میں موثر ترین ذریعہ بن گیا ہے اور ساتھ پاکستان کے عوام کی آواز بن گیا ہے’۔حالیہ اعداد و شمار کے مطابق اب تک رجسٹرڈ 13 لاکھ افراد کی جانب سے 16 لاکھ 53 ہزاز 45 شکایات درج کی گئیں جن میں سے 15 لاکھ 52 ہزار 5 سو29 (93.92 فیصد)شکایات پاکستانی شہری ، 94 ہزار 8 سو8 اوورسیز پاکستانیوں اور 5 ہزار 6 سو36 غیر ملکیوں کی جانب سے گئیں۔
صوبائی اعداد و شمار کے مطابق پنجاب سے 7 لاکھ 26 ہزار ایک سو33 (43.93) شکایات درج کی گئیں جن میں سے 6 لاکھ 86 ہزار 2 سو 83 کا کامیابی سے ازلہ کیا گیا۔علاوہ ازیں 5 لاکھ 64 ہزار 2 سو 7 شکایات وفاقی حکومت سے متعلق ہیں جن میں سے 5 لاکھ 27 ہزار 7 سو 79 کو حل کیا جاچکا ہے۔اسی طرح 10 جنوری تک خیبرپختونخوا سے کی گئی 2 لاکھ ایک ہزار ایک سو 77 شکایات میں سے ایک لاکھ 89 ہزار 4سو 25 کا ازالہ، بلوچستان سے کی گئی 15 ہزار 3 سو 16 میں 12 ہزار 9 سو 31 کو حل اور سندھ سے کی گئی ایک لاکھ 37 ہزار 9 سو 46 شکایات میں سے 86 ہزار 4 سو 4 شکایات کا ازالہ کیا گیا۔