کوئٹہ (آن لائن) صوبے میں ایک اور بڑی تبدیلی کے اثار آنے لگے،گورنر بلوچستان کو تبدیل کرنے کا امکان، پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی نے وزیراعظم کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی
پارلیمانی کمیٹی کی گزشتہ دنوں وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کے دوران جہاں دیگر امور زیر غور لائے گئے وہی پارلیمانی کمیٹی نے پارٹی کے چیئرمین وزیراعظم عمران خان کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر تے ہوئے بتایا کہ گورنر بلوچستان کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے ان کاموں میں رکاوٹ حائل کی جا رہی ہے جس کا تعلق براہ راست عوامی مفادات سے ہے اور اس امر سے پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے ذرائع کے مطابق ارکان نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے ان کے لئے بند کر دیئے گئے ہیں ساتھ ہی ساتھ اس امر پر بھی زور دیا کہ جیسا کہ ملک کے دیگر تینوں صوبوں میں پاکستان تحریک انصاف کے گورنر اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں عین اسی طرح بلوچستان میں بھی گورنر پاکستان تحریک انصاف کا ہونا چا ہئے موجودہ صورتحال میں کارکنوں میں بے چینی پائی جا رہی ہے ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نئے گورنر کے لئے نام طلب کر لئے ہیں۔