لاہور( این این آئی )پی آئی اے کے دو جہازوں سے پرندے ٹکرا گئے جس سے پی آئی کو شدید مالی نقصان کاسامنا کرنا پڑا ۔پہلا واقعہ پی کے 301 کو اسلام آباد کراچی پر پیش آیا جس سے جہاز کی نوز کاول پچک گئی ۔دوسرا واقع پی کے 311 کوئٹہ ،کراچی پر پیش آیا جس سے پروں کے فلیپ میں سوراخ ہوگیا ۔ ترجمان کے مطابق پرندوں کے ٹکرانے سے ناصرف مسافروں کی جانوں کو خطرہ پیش آسکتا ہے بلکہ شدید مالی نقصان بھی ہوتا ہے۔ عوام سے متعدد بار اپیل کرچکے ہیں کہ
ائیرپورٹس کی حدود میں کچرا نہ پھینکیں کیونکہ ذرا سی غفلت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے ۔سول ایوایشن کو بھی بارہا توجہ دلائی ہے ،سول ایوایشن نے کراچی کی ضلعی انتظامیہ کو خط تو لکھا مگر بہتری نہیں ہوئی ،اطلاع ہے کی موسمیات والی سمت کی جانب کوئی مردہ جانور کئی ہفتوں سے پڑا ہو ہے اور اسی سمت سے لینڈنگ کرنے والے طیارے پرندوں کی زد میں آرہے ہیں ۔ ترجمان کے مطابق صفائی کا مناسب انتظام اور پرندوں کی نقل و حمل روکنے کے لئے جدید نظام کی تنصیب وقت کی ضرورت ہے۔