کراچی (این این آئی)پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے میئر کراچی وسیم اختر کو خوشخبری سنادی۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم رہنماں کے اعزاز میں گورنر ہاس میں ظہرانہ دیا گیا، گورنر سندھ کے ظہرانے میں جہانگیر ترین، پرویز خٹک، عمر ایوب، کنور نوید، فیصل سبزواری، وسیم اختر، خواجہ اظہار ودیگرنے شرکت کی۔
ظہرانے کے بعد ایم کیو ایم، تحریک انصاف رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی، ملاقات میں صوبے کے مسائل، بلدیاتی اختیارات کے معاملات، تحریری معاہدے پر عملدرآمد اور فنڈز کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے کراچی پیکیج، نئی اسکیموں کا افتتاح اور فنڈز کے اجرا کا مطالبہ دہرایا، کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت شہری سندھ میں ترقیاتی کاموں کی رفتار انتہائی سست ہے۔فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت بالکل ساتھ نہیں دے رہی، وفاقی حکومت ترقیاتی منصوبوں کو جلد پورا کرے۔میئر کراچی وسیم اختر نے شکوہ کیا کہ کراچی کے لیے 25، حیدرآباد کے لیے 5 ارب کا فنڈز تاحال نہیں ملا، بلدیاتی اختیارات کی واپسی پر کوئی اقدامات نہیں ہوئے ہیں۔وسیم اختر کا کہنا تھا کہ اگر یہی اختیارات رہے تو الیکشن کی ضرورت نہیں، بغیر اختیارات کے کراچی نہیں چل سکتا۔پی ٹی آئی سینئر رہنما جہانگیر ترین نے ایم کیو ایم کے مطالبات، تحفظات جلد دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں جو رقم رکھی گئی ہے جلد جاری ہوگی۔تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے کہا کہ کراچی کے لیے 8 ارب کے بعد دوسری قسط بھی جلد ملے گی۔