کراچی (این این آئی) فائرپاور کے ایک متاثر کن مظاہرے کے دوران پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں سطح سمندر، زیر آب اورفضائی پلیٹ فارمزسے میزائلوں کی کامیاب فائرنگ کے ذریعے اپنی جنگی تیاریوں کا مظاہرہ کیا۔
مزید برآں شارٹ رینج ایئر ڈیفنس سسٹم سے بھی میزائل فائرنگ کا مظاہرہ کیا گیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اس موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور ویپن فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔پاکستان بحریہ کے جنگی بحری جہاز اورہوائی جہاز سے اینٹی شپ میزائل، فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل) اور بحری آبدوز سے دور تک مار کرنے والے لینڈ اٹیک میزائل، جبکہ پاکستان بحریہ کی فضائی دفاعی صلاحیتوں کی تصدیق کے لیے مکران کوسٹ سے ایئر ڈیفنس میزائل فائر کیا گیا۔ میزائلوں نے پاکستان بحریہ کی جنگی صلاحیتوں اور جنگی تیاریوں کی تائید کرتے ہوئے اپنے مطلوبہ اہداف کوکامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا۔اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاکستان بحریہ کی فلیٹ اور کوسٹل کمانڈکی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ افسروں اور جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ ایک مضبوط فوج ہے جو ملکی سمندری مفادات کے تحفظ اور اسے آگے بڑھانے کی قابلیت رکھتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ ملکی سمندری سرحدوں کا دفاع کرنے اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہے۔