اسلام آباد(آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان ماضی کی حکومتوں پر الزامات لگاکر اپنی نااہلی کو چھپارہے ہیں،اپنی کارکردگی بتانے کے بجائے عمران خان دوسروں پر الزامات لگاکر گندی سیاست کررہے ہیں، نیربخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ اصلاحات کے نام پر عمران خان نے ملک کو ایک طفیلی ریاست بنادیا ہے،عمران خان 2020 کو تبدیلی کا سال قرار دے کر نئے لیبل سے پرانا منجن بیچ رہے ہیں،
پی ٹی آئی حکومت نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کرپشن ختم کرنا چاہتے ہیں تو اپنے دائیں بائیں لوگوں کا احتساب کریں، پی ٹی آئی حکومت کے دور میں 10 کھرب روپے سے زائد کے قرضوں اور واجبات میں اضافہ ہوا،عمران خان کے دور حکومت میں حکومتی شاہانہ خرچوں میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے، نیربخاری نے کہا کہ تبدیلی والوں کی حکومت میں ٹیکس جمع ہونے کی شرح میں چھ فیصد سے زائد کی کمی ہوئی۔