لاہور(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پی آئی سی میں ہنگامی آرائی کے نتیجے میں زیرعلاج مریضوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وکلا ء کی طرف سے ہسپتال پر حملہ قابل مذمت ہے اور کسی بھی صورت قابل قبول نہیں،صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد اور فیاض الحسن چوہان کے ساتھ بدسلوکی قابل مذمت ہے۔
اپنے بیان میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہنگامی آرائی کے نتیجے میں زیرعلاج مریضوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات انتہائی افسوسناک ہیں،قانون دان برادری کا قانون شکنی کرنا قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراء کے ساتھ بد سلوکی بھی قابل مذمت ہے،بدقسمتی سے یہ منفی روایت خود عمران صاحب اور پی ٹی آئی کی اپنی ڈالی ہوئی ہے،عمران صاحب اور پی ٹی آئی نے سیاسی مخالفین کے لئے جو بویا تھا آج کاٹنا پڑ رہا ہے،عمران صاحب نوازشریف کے حسد اور دشمنی سے باہر نکلیں اور اصل ایشوز کو پہچانیں،آج شہبازشریف کی یاد تو آتی ہوگی،سوال یہ ہے کہ عمران وبزدار حکومت نے آج کے دن کا انتظارکیوں کیا؟ یہ واقعہ کئی دنوں سے جاری تھا، حکومت نے کیوں اپنا فرض پورا نہیں کیا؟۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ناقص حکمت عملی کے باعث معاشرے کے دو اہم طبقے دست و گریبان ہیں،،ہسپتال کا میدان جنگ بننا موجودہ نالائق اور نااہل حکومت کی مجرمانہ غفلت اور لاپرواہی کا ثبوت ہے،یہ نالائق حکومت کی انتظامی نالائقی اور ناکامی کا ثبوت ہے،حکومت مجرمانہ غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ نہ کرتی تو آج یہ حالات نہ ہوتے،ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں بے گناہ اور بے قصور مریضوں کو جان سے جانا پڑا جو بہت افسوسناک ہے،متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کرتے ہیں، غم کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں،سوچنا ہوگا کہ ہسپتال تو حالت جنگ میں بھی پرامن ہوتے ہیں،سوچ رکھنے والے لوگوں کو دیکھنا ہوگا کہ معاشرہ کس سمت جارہا ہے۔