اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے سندھ حکومت کو18ترمیم پر عملدرآمد نہ کرنے کا ذمہ دار ٹھہرا دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم پر خاص طور پر سندھ نے عملدرآمد کیوں نہیں کیا؟ این ایف سی کی بات کرنے والی سندھ حکومت صوبائی فنانس کمیشن کیوں نہیں بناتی؟ انہوں نے کہا کہ سندھ میں نچلی سطح پر کرپشن ہو رہی ہے صوبوں کو دیا گیا اختیار نچلی سطح پر کیوں نہیں منتقل کیا گیا؟ انہوں نے کہا کہ اس طرح سیاست کے پھچے چھپنے سے عوام کے
مسائل حل نہیں ہوں گے، سندھ حکومت پر فرض ہے کہ وہ اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرے تاکہ اٹھارویں ترمیم کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کے مسائل کے حل پر توجہ مرکوز نہیں کر رہی جس کی وجہ سے لوگ پریشان اور بے حال ہیں، سندھ کے حکمران وفاق پر تنقید کرنے کی بجائے اپنے صوبے میں عوام کے مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کریں، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو اداری سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے بھی سنجیدہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔