لاہور(این این آئی) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی ساری پراپرٹی بیچ کر شہباز شریف کو پاکستان کا سب سے مہنگا وکیل کروا کر دینے کو تیار ہیں تا کہ وہ لندن کے جریدے ڈیلی میل کے ڈیوڈ روز کے خلاف ہتک عزت کا دعوی کر سکیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈیوڈ روز ہر روز شہباز شریف سے پوچھ رہا ہے وہ کب اس کے خلاف لندن کی عدالتوں میں ہتک عزت کا مقدمہ کریں گے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ شہباز شریف ملک سے باہر بیٹھ کر بھی اپنی حرکتوں سے باز نہیں آئے۔ وہ پاکستان میں بھی جھوٹ بولنے کے ماہر تھے اور وہ لندن جا کر بھی جھوٹے حقائق پر مبنی بیانات دے کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ شریف خاندان کی کرپشن کا کچا چٹھا شہزاد اکبر نے 18 سوالات کی صورت میں کھول دیا ہے۔ شہباز شریف نے اپنے دورِ حکومت میں نثار گل اور علی احمد جیسے کرپشن زدہ لوگوں کو وزیر اعلیٰ آفس میں اعلی عہدے دے کر آفس کے وقار کو مجروح کیا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہباز شریف نے اپنے کیش بوائز مسرور انور اور شعیب قمر کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ اور کرپشن کی اور جب حساب کا وقت آیا تو ملک سے بھاگ گئے۔ فیاض الحسن چوہان نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی ساری پراپرٹی بیچ کر شہباز شریف کو پاکستان کا سب سے مہنگا وکیل کروا کر دینے کو تیار ہیں تا کہ وہ لندن کے جریدے ڈیلی میل کے ڈیوڈ روز کے خلاف ہتک عزت کا دعوی کر سکیں۔