اسلام آباد (نیوز ڈیسک) لندن سے کیا نواز شریف واپس آئیں گے، معروف صحافی رانا عظیم نے کہا کہ اس سوال کا جواب سب ڈھونڈنے کی کوشش کر رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ کے تھنک ٹینک میں وہ لوگ شامل ہیں جنہوں نے دور آمریت میں میاں نواز شریف کاساتھ دیا،
جلاوطنی کے دور میں بھی ان کا ساتھ دیا، معروف صحافی نے کہاکہ ان میں سے دو ساتھی ابھی تک جیل میں ہیں، ان لیگی رہنماؤں نے میاں نواز شریف کو ایک قریبی ساتھی کے ذریعے پیغام بھجوایا ہے کہ اگر میاں صاحب آپ عدالت کی طرف سے مقرر مدت میں واپس نہ آئے تو پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کا زوال شروع ہو جائے گا۔ ان لیگی رہنماؤں نے اپنے پیغام میں کہا کہ کئی ارکان اسمبلی بھی ہمیں چھوڑ جائیں گے۔ رانا عظیم نے کہا کہ لیگی رہنماؤں نے اپنے پیغام میں کہا کہ آپ اگر پاکستان نہیں آتے تو مریم نواز کو ہدایت دیں کہ وہ آپ کے بیانیے کو لے کر آگے چلیں، اگر ایسا نہیں ہوتا تو آئندہ انتخابات سے قبل ہی ن لیگ کو بہت نقصان ہوگا۔ معروف صحافی نے کہا کہ مریم نواز کو بھی یہی پیغام پہنچایا جارہا ہے آپ لوگوں میں باہر نکلیں، لوگوں میں یہ تاثر جارہا ہے کہ کسی ڈیل کے تحت میاں نواز شریف باہر گئے ہیں، رانا عظیم نے کہا کہ مریم نواز بھی اگر خاموش رہیں تو پھر مسلم لیگ (ن)کے کئی رہنما کسی دوسری جماعت میں شمولیت کے لیے پر تولنے لگیں گے مگر مریم نواز خاموش نہیں رہتیں تو ن لیگ کا بیانیہ چلے گا، بصورت دیگر ن لیگ کا مستقبل تاریک ہے۔