اسلام آباد (این این آئی)حکومت نے چودہ ماہ کے دوران لیے گئے غیر ملکی قرضوں کی تفصیلات ایوان میں پیش کردی جس کے مطابق 18 اگست 2018 سے 30 ستمبر 2019 تک 10 ارب ڈالر 36 کروڑ اسی لاکھ ڈالر قرضہ لیا گیا۔ بدھ کو قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی صدارت میں ہوا جس میں حکومت نے اپنے دور اقتدار میں لیے گئے قرضوں کی تفصیلات پیش کر دیں۔وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے تفصیلات پیش کیں۔
وفاقی وزیر نے بتایاکہ پہلے سال میں مجموعی سرکاری قرضے میں 9 اعشاریہ 3 کھرب روپے کا اضافہ ہوا،رواں مالی سال کے دوران بجٹ خسارہ پورا کرنے کے لیے 3 اعشاریہ 7 کھرب روپے کے قرضے لیے گئے۔ انہوں نے کہاکہ کرنسی کی قدر میں کمی کی وجہ 2 اعشاریہ 6 کھرب روپے کا قرضہ لینا پڑا،زیادہ نقد بیلنس کی وجہ سے 3 کھرب روپے کے قرضے کا اضافہ ہوا۔ وقفہ سوالات کے دور ان بتایاگیاکہ نون لیگ کے مقابلے میں موجودہ حکومت کو زرمبادلہ کے مستحکم دخائر ملے،2013 میں نون لیگ نے حکومت بنائی تو زرمبادلہ کے ذخائر 11 ارب ڈالرز کے لگ بھگ تھے،حکومت نے 2013 سے اب تک سالانہ بنیادوں پر زرمبادلہ کے ذخائر کی تفصیل پیش کر دی جس کے مطابق سال 2018 میں تحریک انصاف کی حکومت کو 16 ارب 38 کروڑ ڈالرز کے ذخائر ملے،مالی سال 2013 میں زرمبادلہ کے ذخائر 11 ارب 1 کروڑ 95 لاکھ ڈالرز تھے،سال 2014 میں زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب 14 کروڑ 11 لاکھ ڈالرز تھے،سال 2015 میں زرمبادلہ کے ذخائر 18 ارب 69 کروڑ 92 لاکھ ڈالرز تھے،سال 2016 میں زرمبادلہ کے ذخائر 23 ارب 9 کروڑ 85 لاکھ ڈالرز تھے،سال 2017 میں زرمبادلہ کے ذخائر 21 ارب 40 کروڑ 29 لاکھ ڈالرز تھے،سال 2018 میں زرمبادلہ کے ذخائر 16 ارب 28 کروڑ 36 لاکھ ڈالرز تھے،سال 2019 میں زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب 47 کروڑ 68 لاکھ ڈالرز تھے،رواں سال جولائی کے مہینے میں زرمبادلہ کے ذخائر 15 ارب 95 کروڑ 54 لاکھ ڈالرز تھے۔
ضبط اشیاء کی نیلامی بارے سوال پر زین قریشی نے جواب دیتے ہوئے کہاکہ الکوحل سمیت ممنوع اشیاء اگر غیر مسلم سے برآمد ہو تو اسے ڈپلومیٹک طور پر نیلام ہوتا ہے،اگر الکوحل کسی مسلم سے برآمد ہو تو اسے شریعہ کورٹ کے فیصلے کے تحت تلف کردیا جاتا ہے،ضبط ہونے والا اسلحہ و گولہ بارود قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کیا جاتا ہے۔مخدوم زین قریشی نے ضمنی سوال پر جواب دیتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت نے 18 اگست 18ء سے 30 ستمبر 2019ء تک 10 ارب 36 کروڑ اسی لاکھ ڈالر کے قریب قرض حاصل کیا۔