کراچی(این این آئی) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف کے وفود کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں حکومت سے نکلنے کا عندیہ دے دیا ہے، ایم کیو ایم رہنماؤں نے شاہ محمود قریشی کے سامنے شکایات کے ڈھیر بھی لگا دیئے۔اس ضمن میں ذرائع نے بتایاکہ ایم کیوایم قیادت نے ملاقات میں کہا کہ ہم سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے جا رہے ہیں، ہم عوام اور ووٹرز کے سامنے جواب دہ ہیں،
ہمیں جواب دینا مشکل ہو رہا ہے، بتایا جائے کہ معاملات کو کب اور کیسے ٹھیک کیا جائے گا، اگر وعدے پورے نہ ہوئے تو ہمارے پاس مختلف آپشنز ہیں، تاہم فی الحال کوئی آپشن زیر غور نہیں۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے شکوہ کیا کہ ملاقاتوں اور یقین دہانیوں کے علاوہ عملی اقدامات صفر ہیں، معاہدوں اور وعدوں پر عمل نہ ہوا تو اپنا فیصلہ کرنے میں آزاد ہوں گے۔ذرائع نے بتایاکہ شاہ محمود قریشی نے معاملہ افہام و تفہیم اور جلد حل کرنے کا وعدہ کیا، انھوں نے ایم کیو ایم رہنماؤں کو یہ معاملہ وزیر اعظم کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔