اسلام آباد( آن لائن )حج 2019 کے موقع پر حجاز مقدس میں اللہ کو پیارے ہونے والے 96 پاکستانیوں کے ورثا کو وزارت مذہبی امور کی جانب سے زر اعانت کے طور پر 4 کروڑ 80 لاکھ روپے کی رقم ادا کر دی گئی ہے۔وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے بتایا کہ حج 2019 کے موقع پر مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 96 پاکستانی اللہ کو پیارے ہوئے، حکومت پاکستان کی جانب سے حج پالیسی کے تحت زر اعانت کے طور پر وہ فوت
ہونے والے عازم حج یا حاجی کے قانونی وارث کو پانچ لاکھ روپے فی کس کے حساب سے زر اعانت کے طور پر رقم ادا کرنا تھی۔حج آپریشن مکمل ہونے کے بعد وزارت مذہبی امور نے سعودی حکومت سے حجاز مقدس میں وفات پانے والے پاکستانیوں کی دستاویزات حاصل کیں اور یہاں پر تمام متوفین کے قانونی ورثا کا تعین کیا۔ تمام کارروائی مکمل ہونے کے بعد وزارت مذہبی امور کی طرف سے رقم بینکوں کے ذریعے ادا کر دی گئی ہے ۔