پشاور(آن لائن)خیبرپختونخوا کے وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی نے قبائلی اضلاع میں معدنیات کو حکومتی ملکیت قرار دینے کے حوالے سے مختلف اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کی وضاحت جاری کی ہے۔ وزیر معدنیات کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا منرل گورننس ترمیمی بل کا مقصد صرف مقامی قبائلی عوام کو ذیادہ سے ذیادہ فائدہ پہنچانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترمیمی بل میں قبائلی اضلاع میں معدنیات کے لائسنز کے اجراء میں مقامی لوگوں کو ترجیحی حقوق دئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ترمیمی بل میں ایسی کوئی بھی شق نہیں ہے، جس سے
مقامی لوگوں کے حقوق سلب ہو، بلکہ بل کے ذریعے مقامی افراد کو ترجیحی حقوق دے کر معدنیات کے حوالے سے ان کا کردار اور بھی بااثر بنایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترمیمی بل کے تحت تنازعات کے حل کے لئے ایک باقاعدہ طریقہ کار واضع کیا جائیگا۔ جس سے مقامی افراد اور کن کنوں کے درمیان تنازعات کا حل خوش اسلوبی سے ممکن ہوسکے گا۔ وزیر معدنیات کا کہنا تھا کہ ترمیمی بل سے اب ضم شدہ اضلاع میں معدنیات کے حوالے سے سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، جس سے علاقہ کے معاشی و معاشرتی ترقی میں مدد ملے گی۔