تھرپارکر (آن لائن) ملک میں موسم سرما کی پہلا موسلادھار بارش اور آسمانی بجلی نے تباہی مچا دی، سندھ کے صحرائی علاقے تھرپارکر میں مسلسل طوفانی بارش اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 17 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے صحرائی اور خشک سالی کیلئے مشہور علاقے تھرپارکر میں طوفانی بارش اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات نے تباہی مچی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ جمعرات کے روز طوفانی بارش اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث تھرپارکر اور سندھ کے دوسرے شہروں میں رہائشی علاقوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ جبکہ سیلابی ریلے کی زد میں آ کر اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث 17 افراد جاں بحق ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے سے 10 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں مختلف اسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔بتایا گیا ہے کہ اسلام کوٹ، نگرپارکر، مٹھی، چھاچھرو میں بجلی گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں جس کے نتیجے میں درجنوں مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ سانگھڑ کے علاقے کھپرو میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے 2 خواتین سمیت 4 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ جبکہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں کل کو موسم سرما کی پہلی بارش کی پیشگوئی بھی کردی، بارش کے بعد شہر میں غیر معمولی سرد ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔بتایا گیا ہے کہ شہر قائد کے موسم بھی تبدیل ہونے لگاہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے راستے ایک نیا سسٹم ملک میں داخل ہورہا ہے جس کے نیتجے میں اندرون سندھ کے مختلف اضلاع اور بالخصوص کراچی میں 15 نومبر کو بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے 48 گھنٹے بعد شہر میں غیر معمولی سرد ہوائیں چلیں گی جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے اور سردی کی شدت میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔