جیکب آباد(آن لائن) نیب نے خورشید شاہ اوراعجاز جکھرانی کے فرنٹ مین کو گرفتار کرلیا، نیب کے ہاتھوں گرفتار ٹھیکیدار پر اربوں روپیوں کی کرپشن کا الزام، میگا پراجیکٹس میں ریکارڈ کرپشن کا انکشاف، گرفتار ٹھیکیدار کا وعدہ معاف گواہ بننے کی اطلاعات۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد سے تعلق رکھنے والے ٹھیکیدارعبدالرزاق بہرانی کو گذشتہ روز سکھر میں نیب نے کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے،
گرفتار ٹھیکیدارعبدالرزاق بہرانی کو نیب کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، نیب سکھر نے ٹھیکیدار عبدالرزاق بہرانی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملزم سابق اپوزیشن لیڈر اور رکن قومی اسمبلی سید خورشید کے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے منتقل کراتا رہا ہے اور وہ صوبائی مشیر جیل خانہ جات میر اعجاز حسین جکھرانی کے بے نامی اثاثوں کا مالک ہے، نیب سکھر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ٹھیکیدار عبدالرزاق بہرانی کو سید خورشید شاہ کے کیس میں گرفتار کیا گیا ہے وہ کروڑوں روپے خورشید شاہ کے اکاؤئنٹ میں منتقل کراتا رہا ہے نیب کے مطابق اکاؤئنٹ میں منتقل ہونے والی رقم میں سے ملزم کک بیکس کی مد میں مالی فائدہ اٹھاتا رہا ہے اور اس کے علاوہ جیکب آباد کے اربوں روپیوں کے ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز میں کرپشن کرتا رہا ہے، نیب سکھر نے دعویٰ کیا ہے کہ عبدالرزاق بہرانی صوبائی مشیر جیل خانہ جات سندھ اعجاز حسین جکھرانی کے بے نامی اثاثوں کا مالک ہے وہ اعجاز جکھرانی اور ان کے اہلخانہ کو بھی کروڑوں روپیوں کی جائداد خرید کر دیتا تھا اور ملزم کے خلاف سپریم کورٹ میں بھی درخواست دائر ہے، دوسری جانب اہم ذرائع سے معلوم ہے کہ نیب کے ہاتھوں گرفتار ٹھیکیدار عبدالرزاق بہرانی وعدہ معاف گواہ بننے کو تیار ہے، واضح رہے کہ ٹھیکیدارعبدالرزاق بہرانی کی مختلف کنسٹریکشن کمپنیوں کو جیکب آباد کے اربوں روپے مالیت کے تمام بڑے بڑے ٹھیکے ملے ہوئے ہیں خصوصاً بلاول بھٹو فلائی اوور اور نور واہ رنگ بند شامل ہے، ٹھیکیدار عبدالرزاق بہرانی کی کمپنیوں کو ضلع جیکب آباد کے اکثر ٹھیکے ملے ہوئے ہیں جن میں کرپشن کے خلاف نیب سمیت دیگر تحقیقاتی اداروں کو شہریوں کی جانب سے درخواستیں کی گئی ہیں۔