لاہور(این این آئی) سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر اسٹیٹس لگانے کی وجہ سے نوجوان کو قتل کر دیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق لاہور کے علاقے چوہنگ میں مقتول فقیر حسین کو اسکے چچا زاد بھائی محمد حسن نواز نے قتل کیا۔اہل خانہ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مقتول فقیر حسین نے کچھ روز قبل فیس بک پر ایک پوسٹ لگائی تھی
جو اس کے چچازاد بھائی کو ناگوار گزری۔اہل خانہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔ تھانے میں درج مقدمے کے مطابق ملزم نے مقتول کو شادی کی ایک تقریب سے باہر بلا کر قتل کیا۔پولیس کے مطابق ملزم کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں تاہم گرفتاری نہیں ہو سکی۔