رائے ونڈ(آن لائن )مسلم لیگ نون کے رہنماء چودھری ریاست بھٹی نے کہا کہ آزادی مارچ نے حکمرانوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ عمران خان اور ان کے حکومتی حواریوں کے قدموں تلے سے زمین سرک رہی ہے۔ اور اقتدار ہاتھ سے جاتا دیکھ کربو کھلائے ہوئے ہیں۔ اپوزیشن رہنماؤں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کا سلسلہ بند نہ ہوا تو حکمرانوں کو اس کا شدید خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ پی ٹی آئی نواز شریف کی بیماری پر
سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون جب بھی اقتدار میں آئی ملک و قوم کو ترقی کی راہ دکھائی اور ملک کی مسائل کا خاتمہ کرکے ملک و قوم کی خدمت کی نئی تاریخ رقم کی۔ میاں نواز شریف پر لگائے گئے الزامات میں کوئی وزن نہیں۔ نیب عدالت کی طرف سے سنائی گئی سزا ہائی کورٹ سے ختم ہوگی اور وہ جلد سرخرو ہوکر عوام کے درمیان موجود ہوں گے۔ اپنے ایک بیان میں چودھری ریاست علی بھٹی نے کہا کہ نون لیگ نے اپنے ہر دور اقتدار میں غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کیا، حالات جیسے بھی ہوں نون لیگ نے کبھی مخالفین کے خلاف سیاسی انتقام کی سیاست کی راہ کو نہیں اپنایا بلکہ ہمیشہ اتحاد و یگانگت کے فروغ کوترجیح دیں جس کے نتیجہ میں وطن عزیز کے اندر خوشحالی ممکن ہوئی مگر موجودہ دور حکومت میں جتنی معاشی بدحالی دیکھی جارہی ہے اس سے قبل کبھی نہیں دیکھی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی اور نالائقی نے ملک کو لاک ڈاؤن کردیا ہے ،روٹی، روزگار، کاروبار بند ہے، حکومت اشتعال انگیزی نہ پھیلائے۔رہنماء ن لیگ نے کہا کہ حکمران صدارتی آرڈینس کی بنیاد پر حکومت چلا رہے ہیں اور پارلیمنٹ کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، کشمیر میں ظلم ہو رہاہے اور یہ کرتار پور کا افتتاح کر رہے ہیں، ابھی تک جو کچھ اپوزیشن نے کیا آئین اور قانون کے مطابق کیا ہے اور آگے بھی آئین اور قانون کے مطابق کریں گے۔ریڈ زون میں آنا قانون کی خلاف ورزی نہیں ہے، ایسا کسی قانون میں نہیں لکھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک ادارے کی طرف سے یہ کہنا کہ ہم جمہوری حکومت کے ساتھ ہیں حالانکہ یہ جمہوری حکومت نہیں ہے۔ان کا کہنا ہے عمران خان کو اندازہ نہیں تھا کہ آزادی مارچ میں اتنے لوگ آئیں گے ،اب شرکاء کی تعداد دیکھ کر تو ان کے ہاتھ پائوں پھول گئے ہیں اور انہیں سمجھ نہیں آ رہا کیا کریں۔