لاہور (این این آئی)سی سی پی او لاہور بی اے ناصر کی منظوری سے لاہور پولیس کے دوران سروس جاں بحق 9 کانسٹیبلز کے ورثا میں ایک کروڑ 71 لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کر دیے گئے۔ سی سی پی او کی طرف سے ایس ایس پی ایڈمن اطہر وحید نے ورثا میں چیک تقسیم کئے۔ کانسٹیبل جعفر حسین، سرفراز مسیح، محمد عمران کی بیوائوں کو 19لاکھ فی خاندان امداد دی گئی۔ کانسٹیبل امجد حسین، ذوالفقار علی،
محمد رزاق اور عابد حسین شاہ کے ورثا کو بھی19،19لاکھ روپے کے چیک دیے گئے۔ اسی طرح کانسٹیبل صفدر رحمان اور لیڈی ہیڈ کانسٹیبل نگہت پروین کے بچوں نے چیک وصول کیا۔ واضح رہے کہ دوران سروس انتقال کرنے والے پولیس ملازمین کے بچوں کو ان کی قابلیت کے مطابق ملازمت اور ریٹائرمنٹ کی عمر تک ہر ماہ مکمل تنخواہ دی جاتی ہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد ورثا کو پنشن کا بھی حقدار سمجھا جاتا ہے۔