اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) آزادی مارچ والوں کو حکومت سے گلہ تھا کہ وہ ہماری میڈیا کوریج نہیں کرنے دے رہی لیکن جب میڈیا نے کوریج کا آغاز کر دیا تو جمعیت علمائے اسلام (ف) کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کے کارکنوں نے آزادی مارچ میں آئے ہوئے شرکاء کو میڈیا سے بات کرنے سے روک دیا اور انہیں زبردستی وہاں سے جانے کا کہا، جس پر ان سے پوچھا گیا کہ آپ ان لوگوں کو بات کرنے سے کیوں روک رہے ہیں
تو انصارالاسلام کے کارکنوں نے کہا کہ ہم آپ کو نہیں روک رہے، اپنے بندوں کو روک رہے ہیں، ایک کارکن نے کہاکہ مولانا صاحب نے روکا ہے، جس پر سوال کیا گیاکہ کیوں روکا ہے تو اس پر کوئی جواب نہیں دیا گیا، اسی دوران وہاں پر غلام میڈیا کے نعرے لگنے شروع ہو گئے، ان لوگوں کو بھی انصارالاسلام کے کارکنوں نے روک دیا۔ زبردستی شرکاء اور دیگر کارکنوں کو وہاں سے ہٹا دیا گیا۔