لاہور(این این آئی) ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان کی جانب سے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صحت کے حوالے سے متضاد بیانات سامنے آ گئے،صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صحت میں بہتری جبکہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تشویشناک قرار دیدیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے گزشتہ روز میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کا مسئلہ بہتری کی طرف گامزن ہے جو اچھی پیشرفت ہے۔ سابق وزیراعظم کے دل اور گردوں کا مسئلہ ہے جس کا علاج جاری ہے، انہوں نے نواز شریف کے لیے دعا کی اپیل کی۔دوسری جانب ڈاکٹر عدنان کی جانب سے ٹوئٹر پر دو ٹوئٹس کی گئیں جس میں کہا گیا کہ تمام کوششوں کے باوجود نوازشریف کی حالت بدستور تشویشناک ہے،نوازشریف کے علاج کے نتیجے میں مزید طبی مشکلات پیدا ہورہی ہیں،نوازشریف کی جان بچانے کے لئے انتہائی نگہداشت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی حالت کو دیکھتے ہوئے ہنگامی نوعیت کے اقدامات درکار ہیں،نوازشریف کو جان بچانے والی ادویات دی جارہی ہیں،پلیٹ لیٹس کی تعداد اس سطح پر نہیں آرہی جہاں نوازشریف کی جان کو خطرہ نہ رہے،پلیٹس لیٹس کی مقدار مناسب سطح پر نہ ہونے سے ہارٹ اٹیک، سٹروک اوربلیڈنگ کاخطرہ موجود ہے،سٹیرائیڈز لگانے کے باوجود پلیٹ لیٹس کی تعداد پوری نہیں ہورہی۔ ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان کی جانب سے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صحت کے حوالے سے متضاد بیانات سامنے آ گئے،صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صحت میں بہتری جبکہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تشویشناک قرار دیدیا۔