اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے جلسہ میں شہباز شریف کی شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی مارچ کا اسلام آباد داخلے پر بھرپور استقبال کیا جائے گا۔ایک انٹرویومیں مسلم لیگ ن کے
رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ آزادی مارچ میں شہباز شریف ضرور شریک ہوں گے اور روات میں بھی آزادی مارچ کے شرکا کا بھرپور استقبال کیا جائے گا جبکہ پنجاب بھر میں مسلم لیگ ن نے استقبالیہ کیمپ لگائے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام نے تو تحریک انصاف کو 12 مہینے بھی برداشت نہیں کیا ہمارا تو وزیر اعظم تین بار آ چکا ہے اور عوام ہمارے ساتھ کھڑی ہے۔ مذہبی کارڈ کو تو تحریک انصاف استعمال کر رہی ہے مولانا فضل الرحمان کا ایجنڈا تو سیاسی ہے۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ لاہور میں فضل الرحمان کے مارچ کے ساتھ بھرپور تعاون کیا گیا اور میڈیا مکمل طور پر آزادی مارچ کو کوریج نہیں دے رہا۔رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ حکومت مارچ کے حوالے سے کسی غلط فہمی کا شکار تھی لیکن اب یہ مارچ کو دیکھ کر بدحواسی کا شکار ہو گئے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان اپنے ہر خطاب میں دو باتیں کر رہے ہیں ایک دھاندلی زدہ حکومت اور دوسرا نئے انتخابات۔انہوں نے کہا کہ عمران خان تو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر انتہائی غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کرتے تھے جو ہم میڈیا پر بیٹھ کر نہیں کر سکتے۔