مریدکے(این این آئی)جمعیت علمائے (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کا مقصد پاکستان میں اصل اسلامی اور جمہوری حکومت لانا اور سلیکٹڈ وزیر اعظم کو گھر بھیجنا ہے۔مریدکے میں آزادی مارچ کنٹینر سے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کشتیاں جلاکر نکلے ہیں،ہماری منزل اسلام آباد نہیں وزیر اعظم کا استعفیٰ اور نئے انتخابات ہیں،اسلام آباد پہنچنے سے پہلے وزیر اعظم استعفیٰ دیدیں تو اچھا ہے وگرنہ عوام کا سمندر اس سلیکٹڈ وزیر اعظم سے استعفیٰ لے لے گا۔ انہوں نے کہا کہ
آزادی مارچ میں دیگر جماعتوں کے کارکنوں نے جس طرح شرکت کی ہے اور جس طرح والہانہ استقبال کیا ہے اس سے آزادی مارچ کو تقویت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو موجودہ حکومت نے خطرات سے دوچار کردیا ہے،مہنگائی،بیروزگاری کی ماری عوام اس حکومت سے چھٹکارا چاہتی ہے،آزادی مارچ اس حکومت کے خاتمہ کا دوسرا نام ہے۔مولانا فضل الرحمن نے خطاب کے آخر میں عوام سے اپیل کی کہ نواز شریف بہت شدید بیمار ہیں انکی صحتیابی کی دعا کریں کیونکہ میاں نواز شریف اس ملک اور قوم کا سرمایہ ہیں۔