اسلام آباد (آن لائن) کرتارپور راہداری منصوبے کو جلد مکمل کرکے فقیدالمثال افتتاح کرنے کی تیاریاں جاری ہیں، سابق بھارتی سٹار بلے باز و سیاستدان نوجوت سنگھ سندھ سمیت اہم شخصیات کو افتتاحی تقریب پر بلانے کیلئے رابطے، وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر سینیٹر فیصل جاوید بھارتی اہم شخصیات کے ساتھ رابطے کرکے انہیں مدعو کرینگے۔ نوجوت سنگھ سدھو 9نومبر کو افتتاحی تقریب میں
شرکت کیلئے پرعزم ہیں۔ اہم ذرائع کے مطابق پاکستان نے کرتار پور میں سکھ برادری کے سب سے بڑے گردوارے کے فقیدالمثال افتتاح کی تیاریاں جاری ہیں۔ وفاقی حکومت کا سرحد پار سے سٹار بھارتی بلے باز اور موجودہ سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو کو افتتاحی تقریب میں مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر سینٹر فیصل جاوید نے نوجوت سنگھ سدھو سے رابطہ کرکے 9 نومبر کو منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں شرکت کی باضابطہ دعوت دے دی ہے، جسے سدھو نے قبول کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور پاکستان کا شکریہ اداکیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نوجوت سنگھ سدھو نے سینٹر فیصل جاوید کے ذریعے بھجوائی جانے والی وزیراعظم عمران خان کی خصوصی دعوت قبول کرلی ہے۔ نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے سکھ اپنے روحانی پیشواء باباگرونانک سے وابستہ مقام کی زیارت کے منتظر ہیں۔ کرتار پور کی تعمیر اور اسکے افتتاح نے سکھ مذہب کے کروڑوں پیروکاروں کو نہایت مثبت پیغام دیا ہے۔9 نومبر کی تقریب میں شرکت کی سعادت حاصل کروں گا، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری کے موقع پر ملنے والی محبت اور مہمان نوازی کا لطف کبھی بھلا نہ پاؤں گا۔