اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ حکومت نہ تو کسی ڈیل کا حصہ ہے اور نہ ہی کرپشن کیسوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ کیا جائے گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس میں آزادی مارچ پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ پر واضح کیا کہ حکومت کسی ڈیل کا حصہ نہیں، کرپشن کیسز پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے نواز شریف کو علاج کی ہر ممکن سہولیات فراہم کیں۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ ان کی صحت سے
متعلق کوئی بیان نہ دیا جائے۔وزیراعظم کو اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ آزادی مارچ کو کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کر رہی ہے، مارچ کے شرکا کی معاہدے پر عملدرآمد کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ آزادی مارچ سے متعلق معاہدہ کرنا اچھا عمل ہے۔ مذاکراتی کمیٹی آزادی مارچ سے متعلق فیصلوں کیلئے با اختیار ہے۔ احتجاج پرامن اور قانون کے دائرے میں ہو تو رکاوٹ نہیں کھڑی کریں گے لیکن اگر معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی تو سخت کارروائی ہوگی۔