پشاور(این این آئی)پشاور ہائی کورٹ نے آزادی مارچ کے شرکاء کو روکنے کے لیے شاہراہیں بند نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے خیبرپختونخوا حکومت کو اٹک تک کوئی بھی روڈ کنٹینر لگا کربند نہ کرنے کی ہدایات جاری کردی ہے۔ پشاورہائی کورٹ میں جے یوآئی کی آزادی مارچ اور
راستوں کی بندش کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت ہوئی، سماعت چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ اور جسٹس احمد علی نے کی،عدالت نے خیبرپختونخوا حکومت کو حکم دیا کہ اٹک تک کنٹینرز کے ذریعے کوئی راستہ بند نہ کیا جائے جبکہ عدالت نے ازادی مارچ کے شرکاء کو بھی پرامن رہنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو حکومت جتنا وقت حزب اختلاف کو بھی ٹی وی پر دینے کا حکم دے دیا ہے۔چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ وقار احمد سیٹھ نے احکامات جاری کیے کہ ٹی وی چینلز جتنا وقت حکومت کو دیں، اتنا کی حزب اختلاف کو بھی دیں۔سماعت کے دوران عدالت نے آزادی مارچ کے شرکاء کو بھی پرامن رہنے کی ہدایت جاری کردی۔چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ نے خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان کوئی معاہدہ طے پایا ہے۔سماعت کے دوران ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو مظاہرین سے ائین اور قانون کے مطابق پیش آنے کی یقین دہانی کرادی