اسلام آباد (این این آئی) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے پیمراکی جانب سے اینکرز اور الیکٹرانک میڈیا پر لگائی جانے والی نئی پابندیوں کو سختی سے مسترد اور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیمرا میڈیا پر قدغن لگانے سے باز رہے،صحافی یا اینکرز کا موقف آزادانہ ہوتا ہے وہ کسی پارٹی کا موقف نہیں ہوتالہذا پیمرا کا نوٹس آزادی اظہار پر پابندی کے زمرے میں آتاہے۔
اس حوالے سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ نے چیئرمین پیمرا محمد سلیم سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور اپنی تشویش سے آگاہ کیا۔انہوں نے پیمرا کی جانب سے میڈیا پر لگائی جانے والی مجوزہ پابندیوں پر سخت احتجاج بھی ریکارڈ کرایا۔ پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے موقف اختیار کیا کہ حکومت اور پیمرا کا ادارہ الیکٹرانک میڈیا کو سہولت فراہم کرنے کی بجائے ان پر پابندیوں سے باز رہے انہوں نے یہ بھی کہا کہ اینکرز پر کسی دوسرے پروگرام میں شرکت پرپابندی کسی قاعدے قانون کے تحت نہیں کی جاسکتی۔ افضل بٹ کا کہناتھا صحافی یا اینکرز کا موقف آزادانہ ہوتا ہے وہ کسی پارٹی کا موقف نہیں ہوتالہذا پیمرا کا نوٹس آزادی اظہار پر پابندی کے زمرے میں آتاہے۔ پی ایف یو جے پیمرا کے نوٹس پر ملک گیر احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہوئے نوٹس واپس لینے کا مطالبہ کرتی ہے۔چیئرمین پیمرا محمد سلیم نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ کسی اینکر پر پابندی عائد نہیں کی،نہ ہی کسی موضوع ہر ٹاک شو کرنے کی پابندی ہے، پیمرا نے ایکٹ کے تحت محض تجاویز دی ہیں کوئی حکم جاری نہیں کیا۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے پیمراکی جانب سے اینکرز اور الیکٹرانک میڈیا پر لگائی جانے والی نئی پابندیوں کو سختی سے مسترد اور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیمرا میڈیا پر قدغن لگانے سے باز رہے