اسلام آباد (نیوز ڈیسک) تیل و گیس کی تلاش کی کامیابی پر کسی نے وزیراعظم کو غلط معلومات دیں، یہ بات پاکستان پٹرولیم لمٹیڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر معین رضا خان نے کہی انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کو بڑھا چڑھا کر معلومات فراہم کی گئیں۔ پی پی ایل کے ایم ڈی کا کہنا تھا کہ سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے پر شک نہ کیا جائے۔ کیکڑا ون میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے کامیابی کے 12 فیصد امکانات تھے جہاں سے گیس کے ذخائر کے بجائے پانی نکلا۔
یاد رہے کہ کیکڑا ون پر ڈرلنگ کے منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 10 کروڑ ڈالر سے زیادہ رہا تھا۔این این آئی کے مطابق پاکستان پیٹر ولئیم لمیٹڈ(پی پی ایل) کا68 واں سالانہ اجلاسِ عام28 اکتوبر کو پرل کونٹی نینٹل ہوٹل، کراچی میں منعقد ہوا۔ ممبران نے 30 جون 2019 کو ختم شدہ مالی سال کے کھاتے کی تفصیل اور آڈیٹرز کی رپورٹ کی منظور ی دی۔ساتھ ہی عمومی شیئرز اورتبدیل پزیر ترجیحی شیئرز پر 20 فیصد نقد حتمی منافعِ منقسمہ کے ساتھ ساتھ عمومی شیئر ہولڈرز کو20فیصد بونس شیئرز اورتبدیل پزیر ترجیحی شیئر ہولڈرز کو 10 فیصد بونس شئیرز کی ادائیگی کی منظوری بھی دی گئی۔بورڈ آف ڈائیریکٹر ز کے چیئرمین شمس الاسلام نے اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ پی پی ایل نے تیل و گیس کی صف ِ اوّل کی کمپنی کی حیثیت سے اپنے مقام کو برقرار رکھا ہے اور اپنے شراکت داروں کے لئے بہترین مالی فوائد فراہم کررہی ہے۔شمس الاسلام نے کمپنی کے حکمتِ عملی کے مقاصد کے حصول کے ضمن میں حکومتِ پاکستان، کمپنی کی انتظامیہ اور عملے کی کوششوں کا اعتراف کیا۔ ایم ڈی و سی ای او معین رضا خان نے 2018-19 کے دوران پی پی ایل کی ترقی و کامیابیوں پر روشنی ڈالی،جس میں سب سے اہم کمپنی کی تاریخ میں سب سے زیاد ہ 61.6 بلین روپے کے بعد از ٹیکس منافع کے ساتھ ساتھ کمپنی اور پارٹنر آپریٹڈ اثاثوں میں کسی بھی سال کے دوران سب سے زیادہ ہونے والی ریکارڈ 11 دریافتیں شامل ہیں۔ ساتھ ہی پی پی ایل نے پہلی قومی کمپنی کی حیثیت سے
عراق میں اپنے آپریٹڈ بلاک8 میں سب سے پہلے بین الاقوامی دریافتی کنوئیں، مدائن 1- کی کھدائی کی۔اہم آپریشنل امور پر توجہ مبذول کراتے ہوئے، معین رضا نے 30 دریافتی و پیداواری کنوؤں کی کھدائی کے بار ے میں بتایاجن میں پارٹنر آپریٹڈ آف شور انڈس جی بلاک میں کیکڑا 1- بھی شامل ہے جس میں اعلیٰ معیار کاذخیر ہ ملا، تاہم ہائیڈرو کاربنز کی تلاش میں در پیش دشواریوں کے سبب اسے موقوف کر دیا گیا۔ انہوں نے فارم ان/فارم آؤٹ سرگرمیوں اور بولی کے حالیہ مرحلے میں 2 نئے بلاکس حاصل کرنے، جس کے بعد بلاکس کی کل تعداد 47 ہوگئی ہے، کے ذریعے کمپنی کے دریافتی پروگرام کو وسعت دینے کی کاوشوں کابھی ذکر کیا۔ کمپنی نے موجودہ فیلڈز سے پیداوار بڑھانے کے لئے ترقیاتی سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی ہیں
جس سے 2018-19 میں اوسطاً پیداوار977 ایم ایم ایس سی ڈی ای ہو گئی ہے۔اسی حوالے سے،انہوں نے پہلے مرحلے میں گمبٹ ساؤتھ کے جی پی ایف IV- اور نشپاایل پی جی پلانٹ سے پیداوار کے آغاز اور بولان مائیننگ انٹرپرائزز سے 228,310 ٹن بیرائیٹ کی اب تک سب سے زیادہ ہونے والی پیداوار کا تزکرہ بھی کیا۔گورننس کے بہترین طریقوں کو اپناتے ہوئے، پی پی ایل نے مقامی اور بین الاقوامی ماہرین کی خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے عملے کوتربیت دینے کے عمل کو جاری رکھا ہے۔سی ایس آر کے حوالے سے، کمپنی نے سب سے زیادہ عطیات دینے کے حجم کے لحاظ سے لگاتار14 ویں مرتبہ کارپوریٹ فیلنتھراپی ایوارڈ حاصل کیاہے۔مستقبل کے حوالے سے، معین رضا خان نے تیز تردریافتی سرگرمیوں خصوصاًسرحدی علاقوں میں جہاں زیادہ امکانات موجود ہیں،اچھی شہرت کی حامل دریافتی و پیداواری کمپنیوں کے ساتھ اثاثوں میں شرکت کے ذریعے کمپنی کے پروگرام کو وسعت دینے اور ٹائیٹ اورشیل گیس کے لئے آزمائشی منصوبوں پر کام کرنے پر زور دیا۔