لاہور (آن لائن) سروسز ہسپتال میں گزشتہ پانچ روز سے زیر علاج سابق وزیراعظم نواز شریف کو ایک اور دل کا دورہ پڑا ہے جس کے باعث ان کی صحت مزید تشویش ناک صورتحال اختیار کر گئی ہے۔ کمرے میں نواز شریف کو جہاں آکسیجن ماسک لگا دیا ہے وہاں وینٹی لیٹر بھی سٹینڈ بائی کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کو جمعہ کی رات دل کی تکلیف ہوئی جس پر ان کا ڈراپ ٹی ٹیسٹ کیا گیا۔ ٹیسٹ کی رپورٹ میں نواز شریف کو دل کا دورہ
پڑنے کی تصدیق کر دی گئی۔ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے فوری طور پر کارڈیک ماہر ڈاکٹرز کی ایک ٹیم کو بھی نواز شریف کے علاج کے لئے تعینات کر دیا گیا ہے۔ میڈیکل بورڈ دوپہر تک نواز شریف کی انجیو گرافی کروانے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہ کر سکا۔ ہفتے کی صبح میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کا مکمل طبی معائنہ کیا مگر ان کی طبیعت نہ سنبھل سکی۔ بعد ازاں بورڈ نے پلیٹ لیٹس بڑھانے کے لئے زیر استعمال ادویات کو جاری رکھنے کا مشورہ دیا۔