اسلام آباد(آن لائن)ایس ایچ او وویمن کی جانب سے گرفتار خواتین کی ویڈیوز لیک کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔آئی جی نے نوٹس لیکر معطل کر دیا جبکہ دس گھنٹے بعد پھر عہدہ پر بحال ہو گئیں۔انتہائی معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ روز دھرنا سے گرفتار ہونیوالی خواتین کی ویڈیوز وویمن تھانہ سے ایس ایچ او ثمینہ نے متعدد نمبروں پر بھیج دیں جس کی اطلاع آئی جی کو ہوئی تو انہوں نے فوری طور نوٹس لیکر ایس پی کو کارروائی کرنے کا حکم دیا جس کے باعث ایس پی نے مذکورہ ایس ایچ او اور
محرر نویدہ کو معطل کر دیا،ذرائع کا کہنا ہے کہ معطل ایس ایچ او اور محرر نے اپنے تعلقات استعما ل کرتے ہوئے چند گھنٹوں بعد ہی بحال ہو گئیں،اس خبر کے حوالہ سے موقف جاننے کے لیے ایس پی عامر نیازی سے رابطہ کیا گیا تو انہو ں نے کہا کہ مذکورہ خواتین جن کی ویڈیوز لیک کی گئی ان پر مقدمہ تھانہ کوہسار میں درج تھا تاہم پابند سلاسل وویمن میں کیا گیا تھا،ایس ایچ او کی بحالی سے متعلق انہوں نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انہیں معطل میں نے کیا اوربحالی کاعلم نہیں ہے۔