اسلام آباد(این این آئی)وزیرِ اعظم عمران خان سے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی اور چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین نے ملاقات کی جس میں ملک میں ٹیکس نیٹ میں اضافے کے حوالے سے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ عوام الناس کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں حکومتی استعداد کاربڑھانے کے لئے ضروری ہے کہ ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا جائے۔ ٹیکس نیٹ میں اضافے سے جہاں موجودہ ٹیکس دہندگان پر اضافی
ٹیکسوں کا بوجھ کم ہوگا وہاں حکومت کی جانب سے ملک کے دور دراز علاقوں میں تعلیم،صحت اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس کی ادائیگی ایک قومی فریضہ ہے تاہم اس کے لئے ٹیکس دہندگان کا اعتماد بحال کرنا نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ ٹیکس کے نظام کو شفاف بنایا جائے تاکہ ہر محب وطن شہری ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔