کراچی(این این آئی) پرتاب گڑھ برادری سے تعلق رکھنے والے80سالہ بزرگ رفیع الدین کو جو گذشتہ کئی سال سے مکان پر قبضہ کی لالچ کے شکار کرایہ داروں کی حبس بے جا میں مقید تھے،گذشتہ روز انسانی حقوق کی فلاحی تنظیم دی سول سوسائٹی کی ٹیم اور پرتاب گڑھ برادری کے نوجوانوں نے ان کی رہائش گاہ واقع شاہ فیصل کالونی سے بازیاب کراکے اودھ جنرل ہسپتال بابر مارکیٹ لانڈھی منتقل کردیا۔ رفیع الدین بد ترین ذہنی دباؤ اور ناروا سلوک کے باعث غذائی قلت
کا شکار ہوکر انتہائی لاغر حالت میں ہسپتال پہنچائے گئے جہاں ان کی دیکھ بھال جاری ہے۔انجمن اتحاد المسلمین پرتاب گڑھ (اودھ) کے صدر محمد شریف،نائب خازن ابو الکلام و دیگر عہدیداروں و اراکین نے کمیونٹی کے بازیاب رکن کی عیادت کی اور دی سول سوسائٹی کے چیئر مین فدا علی پاکستانی و ٹیم ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی دلیرانہ کارکردگی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا جس کے باعث کمیونٹی کے رکن کی بازیابی ممکن ہوسکی۔