اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے یوٹیلیٹی اسٹور کو اپنے نام سے تیارکردہ گھی فروخت کرنے سے روکتے ہوئے کہا ہے کہ غیر معیاری گھی کی فروخت توہین عدالت ہو گی۔ جمعہ کو جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔ دور ان سماعت جسٹس گلزاراحمد نے کہاکہ یوٹیلیٹی کارپویشن اپنے نام سے تیار کردہ گھی فروخت نہیں کر سکتا۔ جسٹس منیر اختر نے کہاکہ غیر معیاری گھی فروخت پر عدالت نے حکم جاری کیا تھا، یوٹیلیٹی اسٹور معیاری گھی فروخت کرے عدالت کو کیا
اعتراض ہو گا۔ وکیل یوٹیلٹی سٹور نے کہاکہ برانڈ نام سے 2006 سے گھی فروخت کر رہے ہیں۔ وکیل نے کہاکہ برانڈ نام کا گھی سستا فروخت کیا جاتا ہے۔ جسٹس گلزار احمد نے کہاکہ ڈالڈا سے کمیشن اور کک بیک نہیں ملتا ہو گا۔ جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ معذرت کیساتھ یوٹیلیٹی اسٹور والے لوگوں کی فلاح کا کوئی کام نہیں کرتے۔ جسٹس گلزاراحمد نے کہاکہ معذرت کیساتھ یہ صرف اپنے ملازمین کی فلاح کرتے ہیں۔ دور ان سماعت یوٹیلیٹی اسٹور نے برانڈ نام سے گھی فروخت کرنے کی درخواست واپس لے لی۔