اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)جمعیت علماء اسلام (ف)کا اسلام آباد تک پہنچنے کیلئے خفیہ پلان منظر عام پر آگیا ۔ مقامی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ پختونخوا کے جنوبی اور شمالی اضلاع سے زیادہ سے زیادہ کارکنوں کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے رائیونڈ کے تبلیغی اجتماع میں شرکت کے بہانے اسلام آباد پہنچایا جائیگا ۔ اس مقصد کیلئے مردان کوہاٹ سے بڑے پیمانے پر گاڑیاں بھی
کرائے پر حاصل کر لی گئی ہیں۔ دریں اثنا جمعیت علماء اسلام (ف)کے زیراہتمام اکتوبر میں آزادی مارچ کے سلسلے میں کارکنان اور قافلوں کے شرکا ء کیلئے ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا ۔ ہدایت نامہ میں کہاگیاکہ اسلام آباد کا سفر کم سے کم 4 سے 5 دنوں پر محیط ہو گا، کارکنان کم سے کم ایک ہفتے کے قیام کا بندوبست کر کے آئیں۔ کارکنان ایک بستر، کمبل اور دو جوڑے کپڑے ساتھ لائیں۔ہدایت نامہ کے مطابق کارکنان خشک میوہ جات، چنے اور پانی بھی ساتھ لے کر آئیں، خود بھی پر امن رہیں، اور کارکنان کو بھی پر امن رہنے کی تلقین کریں۔ ہدایت نامہ کے مطابق عوام الناس کے املاک کو کسی بھی صورت میں نقصان نہیں پہنچانا ، کسی بھی عہدیدار یا کارکن کو اپنے ساتھ لائسنس یافتہ یا غیر لائسنس یافتہ ہتھیار، چاقو، ڈنڈا یا لاٹھی رکھنی کی اجازت نہیں۔ہدایت نامہ کے مطابق ہر ضلعی جماعت رکاوٹیں دور کرنے کے لیے ایک کرین اور ایمبولینس ساتھ لائے۔ہدایت نامہ میں کہاگیاکہ ہر گاڑی میں پینے کا پانی اور نمک موجود ہونا چاہیے، قافلے کی ہر گاڑی کے لیے ایک امیر مقرر کیا جائے۔ ہدایت نامہ میں کہاگیاکہ قافلے روانہ ہونے سے قبل گاڑی میں موجود کارکنان کی ویڈیو بنا لی جائے،قومی شناختی کارڈ ساتھ لائے،گاڑی میں کسی اضافی سواری کو بغیر تصدیق نہ بٹھایا جائے۔ ہدایت نامہ کے مطابق جو کارکن اپنی گاڑی سے اترے وہ زیادہ دور جانے کی کوشش نہ کرے، قافلے کے راستے میں مساجد، مدرسوں کو صاف رکھا جائے۔ہدایت نامہ کے مطابق راستے کی مساجد، مدرسوں میں پی ٹی سی ایل فون اور وائی فائی سروس یقینی بنائی جائے۔