لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سروسز ہسپتال کے باہر لیگی کارکنوں کی ایک بہت بڑی تعداد موجود ہے، دوسری جانب لیگی کارکنوں نے ملتان روڈ ٹائر جلا کر بلاک کر دی ہے۔ لیگی کارکن انتہائی مشتعل ہیں جبکہ میاں شہباز شریف نے لیگی کارکنوں کو میاں نواز شریف کی کی صحت کے لیے دعا کی اپیل کی ہے، پولیس کی ایک بڑی نفری بھی ہسپتال کے باہر پہنچ گئی ہے، ہسپتال میں میاں نواز شریف کا میڈیکل چیک اپ کیا جا رہا ہے اور مختلف ٹیسٹ لینے کا عمل جاری ہے۔
مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی دنوں سے نوازشریف کے ذاتی معالج کو ملنے نہیں دیا جا رہا تھا آج نیب ہیڈ کوارٹر کے باہر احتجاج کرنے پر انہیں اندر جانے دیا گیا جہاں انہوں نے نیب کو بتایا کہ ان کے پلیٹ لیٹس 16 ہزار تک پہنچ چکے ہیں، جب نیب نے ڈاکٹر کی ٹیم کو بلایا تو انہوں نے بھی انہیں ہسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا، مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر میاں نواز شریف کو کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار عمران خان ہوں گے۔ ہسپتال کے باہر لیگی کارکنوں نے گو نیازی گو کے نعرے لگائے۔ اس بارے میں میاں شہباز شریف نے بھی میاں نوازشریف کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں کچھ ہوا تو اس کی حکومت ذمہ دار ہو گی، واضح رہے کہ سفید خلیوں کی تعداد ایک صحت مند انسانی جسم میں کم ازکم ڈیڑھ لاکھ ہونی چاہیے جبکہ میاں نواز شریف کے جسم میں ان خلیوں کی تعداد صرف 16 ہزار تک پہنچ چکی ہے جو کہ انتہائی خطرے کی علامت ہے۔ ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف کو سروسز ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کرنے کے بعد انہیں اب ہسپتال منتقل کر دیا ہے، دوسری جانب نیب ترجمان کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف کو میڈیکل چیک اپ کے لیے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ٹی وی ذرائع کا کہنا ہے کہ اطلاعات کے مطابق میاں نواز شریف کے سفید خلیوں کی تعداد اب سولہ ہزار سے بارہ ہزار تک پہنچ چکی ہے جو کہ انتہائی تشویشناک تعداد ہے۔ اس طرح میاں نواز شریف کو نیب ہیڈ کوارٹر سے سروسز ہسپتال وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔