کراچی(آن لائن) جمعہ کی صبح سویرے لیاری اور سعود آباد میں پولیس اور رینجرز کا جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کومبنگ آپریشن، داخلی وخارجی راستے بند، گھر گھر تلاشی، پریڈی، اتحاد ٹاؤن ، سعید آباد پولیس کے چھاپے، 8 ملزمان گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے بغدادی اور لی مارکیٹ میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر مشترکہ کومبنگ آپریشن کے دوران داخلی وخارجی راستوں کی ناکہ بندی کرتے ہوئے مخصوص گھروں کی تلاشی کا عمل جاری رکھا تاہم کسی اہم ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی، جبکہ
سعود آباد پولیس کی بھاری نفری نے ملیر صاحبداد گوٹھ کا محاصرہ کرکے داخلی وخارجی راستوں کی ناکہ بندی کردی۔ پولیس نے گھر گھر تلاشی کے دوران مشتبہ افراد کے کوائف چیک کئے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن چہلم حضرت امام حسینؓ کے تناظر میں امن وامان کے حوالے سے کیا گیا، جبکہ پریڈی پولیس نے 3ملزمان یونس ، محمد زئی اور اسلم کو گرفتار کرکے قبضے سے منشیات برآمد کرلی۔ اتحاد ٹاؤن پولیس نے4 ملزمان تیمور، یوسف اللہ، امین اور شاہد اقبال کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی جبکہ سعید آباد پولیس نے ملزم کامران کو چوری شدہ موٹر سائیکل سمیت گرفتار کرلیا۔