پشاور(آن لائن)پشاور ریپڈ بس منصوبے میں 32سٹیشنوں پر کرایہ لینے والی آٹو میٹیک فیئر کلیکشن سسٹم کی تنصیب کرنے کے ساتھ ساتھ ہائی پاور جنریٹرز کی تنصیب بھی کردی ہیں جس کے ساتھ ہی حفاظتی بورڈز بھی آویزاں کردیئے گئے ہیں ۔
خود کار سسٹم کی تنصیب کے علاوہ ٹکٹوں کے حصول کے لئے خواتین ،مردوں اور معمر افراد کے لئے علیحدہ علیحدہ طورپر کائونٹرز بھی بنائے جا رہے ہیں ۔حیات آباد میں شاپنگ پلازہ کی تعمیر آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہے جبکہ ڈبگری اور حاجی کیمپ میں بس ڈپوز کاقیام بھی مکمل کر دیا گیا ہے اور تجرباتی بنیادوں پرروزانہ بی آر ٹی بسوں کو بھی چلایا جا رہا ہے ۔ ہشتنگری انڈر پاس کی دکانوں کو تاجروں کے حوالے کردیا ہے جبکہ مزید انڈر پاسز کو آئندہ مہینے تک متعلقہ تاجروں کے حوالے کردیا جائے گا۔ ریچ ٹو پرتمام بس سٹاپوں کی تعمیر و مرمت کاکام بھی مکمل ہو گیا ہے ۔ اس حوالے سے پراجیکٹ کے ترجمان کے مطابق کام 24گھنٹے جاری ہے جس کیلئے جدید مشینری استعمال کی جا رہی ہے ۔ترجمان کے مطابق کام کرنے والی کمپنی مقبول اینڈ سنز کیلسنز اور سی آر 21جی نامی کمپنیاں اس وقت تمام امور بین الاقوامی معیار کے مطابق سرانجام دے رہی ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ پراجیکٹ کے دورانیہ میں اضافہ مختلف مقامات پر پراجیکٹ کو توسیع دینے کی وجہ سے کیاگیا ہے جبکہ ٹریفک کی روانہ کو بھی جاری رکھا گیا ہے‘ ترجمان نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ کسی قسم کے معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جا ئے گا اور صوبائی حکومت کی جانب سے کیاگیا بین الاقوامی طرز کا سفری منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا جس کیلئے منصوبہ بندی کرلی گئی ہے۔