اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ضحیٰ ملک شیر سی ایس ایس 2019 میں کامیاب ہونے والی ایک ہی گھر کی پانچویں بہن ۔خاندان نےمقابلے کا امتحان پاس کر کے سی ایس ایس کی تاریخ کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔سی ایس ایس امتحان برائے 2019 میں 139 ویں نمبر پر آنے والی ضحیٰ ملک اپنے گھر کی پانچویں بہن ہیں جو مقابلے کا امتحان پاس کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔
ضحیٰ کی 4 بڑی بہنیں لیلی ملک، شیریں ملک، سسی ملک، ماروی ملک بھی سی ایس ایس امتحان پاس کر کے مختلف سرکاری عہدوں پر فائز ہیں۔ضحیٰ کی بڑی بہن لیلیٰ 2008 کے سی ایس ایس امتحان میں کامیاب ہوئیں تھیں اور ابھی وہ کراچی میں بورڈ آف ریونیو میں ڈپٹی کمشنر تعینات ہیں۔شیریں ملک 2010 کے مقابلے کے امتحان میں کامیاب ہوئیں اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ہیں۔2017 کے مقابلے کے امتحان میں ضحیٰ کی دو بہنیں سسی ملک اور ماروی ملک کامیاب رہیں اور سسی سی سی او لاہور کنٹونمنٹ جبکہ ماروی اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد ہیں ۔پانچوں بہنوں نے راولپنڈی کے پریزنٹیشن کانوئنٹ ہائی اسکول میں پرائمری کی تعلیم حاصل کی۔ضحیٰ کے والد محمد رفیق اعوان واپڈا کے ریٹائرڈ افسر ہیں جن کا تعلق خیبر پختونخوا کے ہزارہ ڈویژن کے تربیلا شہر سے ہے جو کئی سال قبل ملازمت کے سلسلے میں راولپنڈی مقیم ہوگئے تھے۔ضحیٰ نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ہمارے معاشرے میں بیٹیوں کی پیدائش پر اکثر افسوس کا اظہار کیا جاتا ہے، علاج معالجے کروائے جاتے ہیں یا پھر کہا جاتا ہے چلو اگلی بار بیٹا ہوگا۔ضحیٰ کا کہنا تھا کہ جب ان کی پیدائش ہوئی ان کے والد کو سب نے روتے ہوئے بتایا کہ آپ کی پانچویں بیٹی ہوئی ہے۔ ان کے گھر مسلسل پانچویں بیٹی کی پیدائش پران کے رشتہ دار افسردہ تھے۔۔ضحیٰ مقابلے کے امتحان کا دوسرا مرحلہ یعنی انٹرویو میں بھی کامیاب ہونے کے بعد انتظامی عہدے پر فائز ہو کر ملک کی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔ضحیٰ کو ہر طرف سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہورہے ہیں۔