بیجنگ (این این آئی)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت اربوں ڈالر کے ایم ایل ون منصوبے کو حتمی شکل دیدی ہے۔سرکاری گیسٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کی جس میں اس منصوبے کو حتمی شکل دی گئی۔ شیخ رشید نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے
اس منصوبے میں زبردست دلچسپی لینے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے کے لئے ایک اہم منصوبہ ایم ایل ون 14 سال بعد ایک حقیقی شکل اختیار کر گیا ہے۔وزیر ریلوے نے کہا کہ انہوں نے ایم ایل ٹو (فاسٹ ٹرین)منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ بھی اپنے چینی ہم منصب کو فراہم کی ہے۔ہم اگلے 3-4 سالوں میں ایم ایل ون کی تکمیل کے بعد تیزرفتار ٹرین منصوبے پر جلد کام شروع کرنے کا ارادہ کر رہے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ ایم ایل ون کی تکمیل کے بعد رفتار 65-105 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بڑھ کر 120-160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوجائے گی۔ 2025 تک مال بردار نقل وحمل 6 سے 35 ٹن تک بڑھ جائے گی اور مال بردار نقل و حمل میں ریلوے کا حصہ بڑھ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے پشاور تک ریلوے ٹریک کی لمبائی تقریبا 1800 کلومیٹر ہوگی اور نیا سگنلنگ سسٹم لگایا جائے گا۔شیخ رشید نے کہا کہ نئے ٹریک پر کوئی کراسنگ نہیں ہوگی اور ایم ایل ون منصوبے کی تکمیل کے بعد ریلوے کے تمام موجودہ کراسنگز کو ختم کردیا جائے گا۔میڈیا ذرائع کا اس بارے میں کہنا ہے کہ 8 ارب ڈالرز سے زائد کے ایم ایل ون منصوبے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔