پشاور (این این آئی) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ تمام طبقات موجودہ حکمرانوں کے خلاف علم بغاوت بلند کرچکے ہیں اور ہماری جنگ ملک دشمن پالیسی سازوں سے ہے۔جے یو آئی (ف) کی صوبائی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم آئین اور قانون کے دائرے میں پرامن احتجاج کررہے ہیں، آئین کی اسلامی شقوں کا تحفظ، دوبارہ انتخابات، اور وزیراعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کا مشترکہ بیانیہ ہے
جس پر سب نے اتفاق کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا، تمام طبقات حکومت کی پالیسیوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، حکمرانوں کو مزید وقت دیا گیا تو وہ ملک کو تباہی کی طرف دھکیل دیں گے، دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے جاری ہیں، وہ آزاد مارچ میں شریک ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ اور حکومت کشمیر پر اپنا مقدمہ پیش کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں، کشمیر پر خفیہ سودے بازی سے ہمیں قریبی دوست ممالک کے ووٹ بھی نہ ملے۔