اسلام آباد (این این آئی)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) نے اگلے 24 گھنٹے میں زلزلے کے آفٹر شاکس آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے ایک بیان میں کہا کہ زلزلے سے ویسے تو ملک کے بیشتر علاقے متاثر ہوئے ہیں، تاہم سب سے زیادہ جاتلاں متاثر ہوا ہے، ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں۔انہوں نے کہا کہ جاتلاں کے مقام پر دو پل ٹوٹ گئے، سڑکیں دھنس گئیں، جس کے باعث ٹریفک نظام کو نقصان پہنچا ہے۔ آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں زلزلے کے بعد منگلا ڈیم بند ہونے
سے 900 میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی۔ واپڈا ذرائع کے مطابق جس وقت زلزلہ آیا 900 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی تھی، منگلا ڈیم بند ہونے سے 900 میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی۔ذرائع نے بتایا کہ 900 میگاواٹ شارٹ فال سے مختلف شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ بڑھنے کا خدشہ ہے اور بجلی گھر کی بندش کے باعث لوڈشیڈنگ میں 3 سے4 گھنٹے کا اضافہ ہوسکتا ہے۔ زلزلے کے جھٹکوں کے باعث میرپور میں ریڈیو پاکستان کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا، ملازمین نے نشریات کھلے آسمان تلے جاری رکھیں۔