نیویارک (این این آئی) وزیراعظم عمران خان نے ایران کیساتھ اچھے ہمسائیگی کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں باہمی مفاد میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہارکیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے ایران کے صدر حسن روحانی سے ملاقات کی جس میں دونوں اطراف نے دوطرفہ تعلقات اور
علاقائی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ملاقات میں ایران کے ساتھ اچھے ہمسائیگی کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں باہمی مفاد میں تعاون بڑھانے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے ایرانی قیادت بالخصوص سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنائی کا کشمیری عوام اور ان کے جائز حق کے حصول کے لئے غیر مبہم حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے ایران کے صدر کے ساتھ بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اور علاقائی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والے غیر قانونی اقدامات اور حالیہ صورتحال کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نافذ کرفیو اور گزشتہ 50 دنوں سے نہتے کشمیری عوام پر عائد کی گئی پابندیاں فوری طور پر ہٹانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات میں دونوں اطراف نے وزیراعظم عمران خان کے رواں سال دورہ ایران کے دوران ہونے والے دوطرفہ معاہدوں پر عمل درآمد کی رفتار تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا۔