اسلام آباد (این این آئی)خصوصی عدالت نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس میں ملزم کے وکیل پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ آپ کہیں سے بھی ہوں آپ کو التوا نہیں ملے گا۔ منگل کو پرویز مشرف سنگین غداری کیس کی سماعت جسٹس نذر اکبر پر مشتمل دو رکنی خصوصی عدالت نے کی ۔ وکیل پرویز مشرف رضا بشیر نے کہاکہ گزشتہ سماعت کے بعد
سارا ریکارڈ حاصل کیا ہے،میں نے دو درخواستیں جمع کرائی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مجھے 342کا بیان ریکارڈکرنے سے پہلے ملزم سے ملاقات کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ عدالت وزارت کو ہدایت دے کہ ملزم سے ملاقات کے لئے انتظامات کرے۔ انہوںنے کہاکہ ملزم مشرف سے ملاقات کرکے بتا سکوں کہ ویڈیو لنک یا پھر سکائپ پر بیان ریکارڈ کر سکیں۔جسٹس نذراکبر نے کہاکہ وکیل صاحب 342 کا بیان ریکارڈ کرنے کی سٹیج گزر چکی،آپ کو قانون کے مطابق مقرر کیا کہ عدالت کی معاونت کریں کہ ملزم پیش نہیں ہو رہا۔انہوںنے کہاکہ آپ نے آج کیوں درخواست دی ہے آپ کو تیاری کے لئے ایک ماہ کا وقت دیا گیا تھا۔ وکیل رضا ربشیر نے کہاکہ میرا تعلق لاہور سے ہے اس لئے درخواست یہاں پہنچ کر دی ہے۔جسٹس نذر اکبر نے وکیل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آپ کہیں سے بھی ہوں آپ کو التوا نہیں ملے گا۔انہوںنے کہاکہ سپریم کورٹ بھی کہہ چکی ہے کہ 342 کا بیان ریکارڈ کرنے کا وقت گزر چکا ہے۔ رضا ربشیرنے کہاکہ اگر آپ مجھے موقع نہیں دینگے تو میں کیس سے الگ ہو جائونگا۔ وکیل نے کہاکہ آپ نے پہلے بھی وکلا کو مواقعے دیئے مجھے بھی ایک موقع دیں۔ جسٹس شاہد کریم نے کہاکہ ہمارے پاس آپ کی کوئی درخواست نہیں آئی،آتی بھی تو مسترد کرتے،آپ حتمی دلائل کا آغاز کریں۔ جسٹس شاہد کریم نے وکیل سے مکالمہ کیا کہ آپ کا کنڈکٹ عدالت کے ساتھ بہتر نہیں،آپ کیوں کہہ رہے ہیں کہ عدالت موقع نہیں دے رہی۔ رضا بشیر نے کہاکہ کورٹ میں درخواست دینے پر معافی مانگتا ہوں۔ جسٹس نذر اکبر نے کہاکہ کورٹ سے بطور وکیل معافی نہیں مانگتے اچھے سےbehave کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آپ دلائل نہیں دے رہے ہم آرڈر میں لکھ دینگے۔ بعد ازاں کیس کی سماعت 8 اکتوبر تک ملتوی کر د ی گئی